ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ نے پی آئی اے کی پرواز 8303 کے حادثے کے تقریبا 4 سال بعد فائنل رپورٹ جاری کر دی ہے۔ طیارہ حادثہ کی رپورٹ ایوی ایشن ڈویژن نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ واضح طور انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا، لینڈنگ سے پہلے چار مرتبہ ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو لینڈنگ سے روکتے ہوئے بتایا کہ طیارے کی اونچائی بہت زیادہ ہے لیکن پانچویں مرتبہ ائیر ٹریفک کنٹرولر نے لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں پائلٹس اور ائیر ٹریفک کنٹرولرز میں رابطے اور ہم آہنگی کا فقدان تھا،لینڈنگ کی پہلی کوشش کے دوران دونوں پائلٹس لینڈنگ کیلئے یکسو نہیں تھے۔ پہلی لینڈنگ کیلئے اپروچ بناتے وقت طیارے کے پہیے یعنی لینڈنگ گیرز کھلے تھے لیکن عین لینڈنگ کے وقت دونوں پائلٹس میں سے کسی ایک نے لینڈنگ گیر دوبارہ بند کر دیئے۔

طیارے نے پہلی مرتبہ بغیر لینڈنگ گیر کھولے لینڈنگ کی کوشش کی ،لینڈنگ کی پہلی کوشش کے دوران طیارے کے انجن رن وے سے ٹکرائے، انجن رن وے سے ٹکرانے اور رگڑنے کی وجہ سے شعلے بھی نکلے ۔ طیارے کے انجن ٹکرانے اور شعلے نکلنے کے بارے میں ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو نہیں بتایا۔

طیارے کے دونوں انجن رن وے سے ٹکرانے کی وجہ سے متاثر ہوئے اور دونوں انجنوں کو لبریکینٹ آئل فراہم کرنے والا نظام خراب ہو گیا۔ جس کی وجہ سے دونوں انجن بیک وقت بند ہو گئے ۔انجن بند ہونے سے طیارہ گر کر حادثہ کا شکار ہو گیا۔

طیارے کے دونوں انجن بند ہونے سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی تھیجس کی وجہ سے پرواز کا آخری 4 منٹ کا ڈیٹا ریکارڈ نہیں ہو سکا۔

حادثہ کی انتظامی ذمہ داری پی آئی اے اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر بھی عائد کی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پائلٹس کے روزہ رکھ کر طیارہ اڑانے کے بارے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قوانین واضح نہیں ہیں۔

پی آئی اے میں ہر پرواز کے بعد فلائٹ ڈیٹا اینالائسز پرعمل نہیں ہو رہا۔ فلائٹ ڈیٹا اینالائسز نہ ہونے کی وجہ سے دوران پرواز طریقہ کار سے متعلق پائلٹس کی غلطیاں سامنے نہیں آتیں  جس کی وجہ سے ان غلطیوں کو درست کرنے پر توجہ نہیں دی جاتی۔

پی آئی اے کا طیارہ 22 مئی 2020 کو لینڈنگ کے دوسری کوشش کے دوران کراچی ائیرپورٹ کے قریب آبادی ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوا تھا۔

لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی اس پرواز میں مسافروں اور عملہ سمیت 99 افراد سوار تھے ۔ حادثہ میں 97 افراد جاں بحق ہو گئے تھے دو مسافر معجزانہ طور زندہ بچ گئے۔ طیارہ آبادی پر گرنے سے زمین پر بھی دو افراد کی موت ہوئی۔

Written By ویب ڈیسک

ٹائمز آف کراچی کے ویب ڈیسک ذریعے مختلف موضوعات پر خبریں شائع کی جاتی ہیں۔ جو سیاست، معاشرے، ثقافت اور تفریح ​​سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کرتی ہے۔